سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی بخالی کیلئے وومن یونیورسٹی صوابی سرگرم عمل


Read full news -


"ویمن یونیورسٹی صوابی ہر مشکل وقت میں خیبر پختونخوا کے عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی"، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غزالہ یاسمین نے حالیہ سیلاب متاثرین کے لیے جاری ریلیف اقدامات پر بات کرتے ہوئے کہا۔ یونیورسٹی میں ٹریژرر احمد حسین کی سربراہی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈاکٹر فاکہہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اکیڈمک مس حنا، شعبہ نفسیات کی سربراہ مس راحیلہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عبدالسمیع اور ٹرانسپورٹ سیکشن کے نمائندے حیدر نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میڈیکل اور مینٹل ہیلتھ ٹیم بونیر جائے گی تاکہ متاثرہ عوام کو طبی سہولیات اور ذہنی صحت سے متعلق رہنمائی فراہم کی جا سکے۔ اس مقصد کے لیے شعبہ نفسیات کی طالبات اور یونیورسٹی کے کلاس فور اسٹاف کو بھی ساتھ شامل کیا گیا۔ یونیورسٹی حکام کے مطابق اجلاس کے بعد ٹیم نے بونیر کے علاقے پیشونائی کا دورہ کیا جہاں درجنوں مرد و خواتین متاثرین کا علاج کیا گیا اور ان میں پینے کے پانی کی بوتلیں تقسیم کی گئیں۔ متاثرین کو طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ ذہنی دباؤ اور صدمات سے نکلنے میں مدد دینے کے لیے کونسلنگ بھی فراہم کی گئی۔ پروفیسر ڈاکٹر غزالہ یاسمین نے ریلیف سرگرمیوں میں شامل فیکلٹی، طالبات اور عملے کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ویمن یونیورسٹی صوابی تعلیم، تحقیق اور سماجی خدمت تینوں کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے اور مشکل وقت میں عوام کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گی۔