نیو یارک سٹی میئر الیکشن ۔مسلمان امیدوار ظہران ممدانی کی برتری برقرار


Read full news -


نیویارک میئرل پرائمری میں زوہران ممدانی کو نمایاں برتری، موصول شدہ نتائج کے مطابق اینڈریو کومو پیچھے رہ گئے۔ نیویارک — نیویارک سٹی کے میئرل پرائمری انتخابات میں ڈیموکریٹک سوشلسٹ اور اسٹیٹ اسمبلی کے رکن زوہران ممدانی نے حیران کن برتری حاصل کر لی ہے۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق، 70 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد ممدانی کو 43.6 فیصد ووٹ حاصل ہوئے ہیں جبکہ سابق گورنر اینڈریو کومو 36.01 فیصد ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ اب تک کے نتائج میں زوہران ممدانی کو کومو پر تقریباً 8 پوائنٹس اور 60,000 ووٹوں کی واضح سبقت حاصل ہے۔ یہ اس لیے بھی غیر معمولی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے کہ کومو کو مہینوں سے پولز میں سبقت حاصل تھی اور انہیں ڈیموکریٹک پارٹی کے کئی بڑے رہنماؤں کی حمایت بھی حاصل رہی ہے۔ نیو یارک سٹی کی تاریخ میں یہ دوسرا موقع ہے کہ میئر کے انتخاب کے لیے رینکڈ چوائس ووٹنگ سسٹم استعمال کیا گیا ہے، جس کے تحت ووٹرز اپنی پسندیدہ امیدواروں کو ترجیحی درجہ بندی دیتے ہیں۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ موجودہ میئر ایرک ایڈمز نے اس مرتبہ ڈیموکریٹک ٹکٹ پر انتخاب نہ لڑنے کا اعلان کیا ہے، اور وہ نومبر کے عام انتخابات میں آزاد امیدوار کے طور پر حصہ لیں گے۔ زوہران ممدانی کی انتخابی مہم میں بنیادی طور پر شہری مسائل، معاشی مساوات، کرایوں میں اضافے کے خلاف اقدامات، اور نیویارک میں مسلم و تارکین وطن برادری کے حقوق کا دفاع شامل تھا۔ انہوں نے کمیونٹی لیول پر بھرپور رابطے کیے اور خاص طور پر نوجوان اور ترقی پسند ووٹرز میں زبردست مقبولیت حاصل کی۔ انتخابات کے حتمی نتائج آنے میں ابھی کچھ وقت باقی ہے، تاہم موجودہ رجحانات واضح طور پر زوہران ممدانی کو فیورٹ قرار دے رہے ہیں۔ نیویارک ٹائمز نے اس پیش رفت کو “سیاسی اسٹیبلشمنٹ کے لیے ایک چونکا دینے والا لمحہ” قرار دیا ہے، جو کہ نیویارک سٹی کی سیاست میں ایک نئی سمت کی نشاندہی کرتا ہے۔