چائلڈ لیبر کا خاتمہ وقت کی ضرورت ہے ۔رفعت سردار


Read full news -


--- *چائلڈ لیبر ڈے کے موقع پر ڈاکٹر رفعت سردار کا بیان: ملک میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری، بچوں کے ساتھ بھی زیادتی ہو رہی ہے* پشاور (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف ویمن ونگ پشاور ریجن کی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر رفعت سردار نے چائلڈ لیبر ڈے کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں، جن کے نتیجے میں معصوم بچوں کے ساتھ بھی ظلم و زیادتی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں سے مشقت لینا نہ صرف قانوناً جرم ہے بلکہ یہ انسانی ضمیر کے خلاف بھی ہے۔ ڈاکٹر رفعت سردار نے کہا کہ موجودہ معاشی و سیاسی حالات کے باعث ہزاروں بچے اسکولوں سے دور ہو کر فیکٹریوں، ہوٹلوں، ورکشاپس اور گھریلو ملازمتوں میں مجبوراً کام کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ بچوں کو تعلیم، صحت، اور تحفظ کے بنیادی حقوق فراہم کرے، لیکن بدقسمتی سے موجودہ نظام میں ان حقوق کی فراہمی ایک خواب بن چکی ہے۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی دیگر بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں بچوں کے حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے اور حکومت کو اس ضمن میں موثر اقدامات کرنے پر مجبور کیا جائے۔ ڈاکٹر رفعت سردار نے والدین، اساتذہ، علما، اور سول سوسائٹی سے بھی اپیل کی کہ وہ معاشرے میں آگاہی پھیلائیں تاکہ کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہ ہو اور مشقت کا شکار نہ بنے۔ ان کا کہنا تھا کہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے صرف قانون سازی کافی نہیں، بلکہ اس پر سختی سے عملدرآمد اور بچوں کو بہتر متبادل مواقع فراہم کرنا بھی ناگزیر ہے۔