عبد القادر خان خٹک بھی ھمیں آفسردہ چھوڑ کر چلے گئے


Read full news -


کالم ((یاد رفتگان)) *سابق جی ایم پریمیئر شوگر ملز مردان عبدالقادر خٹک – ایک وفادار رفیق اور شوگر انڈسٹری کا محسن* تحریر۔ہدایت الر حمن ہو تی پریمیئر شوگر ملز مردان کے سابق جنرل منیجر اور سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا میر افضل خان کے معتمد خاص عبدالقادر خٹک طویل علالت کے بعد تقریباً 90 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ مرحوم نہ صرف ایک مخلص اور دیانتدار شخصیت تھے بلکہ انہوں نے اپنی پوری زندگی میر افضل خان اور ان کے خاندان کی خدمت اور وفاداری میں گزاری۔ جوانی سے لے کر بڑھاپے تک وہ ہمیشہ میر افضل خان کے قریبی ساتھی اور خاندان کے رکن کی حیثیت سے جانے جاتے رہے۔ مرحوم عبدالقادر خٹک، عزیز سرفراز خان سے لے کر بیگم زری سرفراز خان تک، پورے خاندان کو نہایت عزت و محبت سے دیکھتے تھے۔ ان کا خلوص اور انتھک محنت ہی تھی جس کی بدولت پریمیئر شوگر ملز نہ صرف خیبر پختونخوا بلکہ پورے پاکستان میں گنے کی خریداری کے حوالے سے ایک نمایاں مقام حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ مرحوم نے ایک انٹرویو میں راقم کو بتایا تھا کہ میر افضل خان کی قیادت میں انہوں نے پریمیئر گروپ کے سرمایہ سے ڈی آئی خان میں چشمہ ون اور چشمہ ٹو شوگر ملز کا آغاز کیا۔ ان منصوبوں نے نہ صرف مقامی معیشت کو سہارا دیا بلکہ ہزاروں افراد کو روزگار بھی فراہم کیا۔ ان کی وفات کی خبر جیسے ہی سابق وفاقی وزیر عباس سرفراز خان کو برطانیہ میں ملی، ان کے معتمد خاص رحیم خان آف چارسدہ نے اطلاع دی، تو وہ فوراً اگلی پرواز سے مردان پہنچے اور رسمِ قل میں شرکت کیاورانھیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے عبدالقادر خٹک کے بیٹے تیمور خان خٹک سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی میں شرکت کی۔ مرحوم عبدالقادر خان اور رفیق خان (سابق جی ایم پریمیئر گروپ) کے راقم کے ساتھ بھی دیرینہ اور دوستانہ تعلقات رہے۔ یہ دونوں شخصیات شوگر انڈسٹری کو بچوں کی طرح چاہتے تھے۔ ان کی ایمانداری، دیانت اور اخلاص کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اکثر زمیندار اور کسان انکے متعلق پوچھتے کہ "کیا یہ دونوں شوگر ملز کے مالک ہیں؟" کیونکہ وہ جس جانفشانی اور دیانت سے کام کرتے، وہ مالکانہ رویہ لگتا تھا۔ اللہ تعالیٰ عبدالقادر خٹک اور رفیق خان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے خاندان کو صبر جمیل دے۔ آمین ثم آمین۔