ریجنل پولیس آفس مردان میں سیکیورٹی اور امن و امان سے متعلق اہم اجلاس کا انعقاد


Read full news -


ریجنل پولیس آفس مردان میں سیکیورٹی اور امن و امان سے متعلق اہم اجلاس کا انعقاد ریجنل پولیس آفس مردان میں ایک اہم اجلاس زیر صدارت ریجنل پولیس آفیسر مردان، نجیب الرحمن منعقد ہوا، جس میں مردان ریجن کے تمام ضلعی پولیس سربراہان، ایس پیز انویسٹی گیشن اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں عمومی جرائم کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مؤثر اقدامات کی ہدایات جاری کی گئیں تاکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ منشیات کی روک تھام کے لیے جاری اقدامات پر پیش رفت رپورٹ پیش کی گئی، اور اس حوالے سے مزید حکمت عملی بھی ترتیب دی گئی۔ اجلاس میں غیر ملکی شہریوں کی سیکیورٹی پر خصوصی توجہ دی گئی، اور تمام اضلاع کو ہدایات جاری کی گئیں کہ غیر ملکیوں کی حفاظت ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ موجودہ حالات کے تناظر میں انٹیلیجنس شیئرنگ، سرچ آپریشنز اور سیکیورٹی الرٹس کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا گیا۔ اس کے علاوہ پولیس کی زیر استعمال گاڑیوں کی مرمت کے معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا، اور ہدایت کی گئی کہ مرمتی کام جلد از جلد مکمل کیے جائیں تاکہ پولیس کی آپریشنل صلاحیت متاثر نہ ہو۔ آنے والی پولیو مہم کے لیے سیکیورٹی کا فول پروف پلان منظور کیا گیا، تاکہ پولیو کے قطرے پلانے والے عملے کی مکمل حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر نجیب الرحمن نے کہا کہ پولیس فورس کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ مربوط حکمت عملی اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں۔